بھٹکل 12 جون (ایس او نیوز) بِیپر جوئے نامی سمندری طوفان بحیرہ عرب میں شدت اختیار کرنے کی خبریں گذشتہ دو تین دنوں سے دی جارہی ہیں اور لوگوں کو متنبہ کیا جارہا ہے کہ سمندری طوفان کے چلتے سمندر کے قریب جانے سے گریز کیا جائے، لیکن غیر سمندری علاقوں سے سمندرکا نظارہ کرنے کے لئے آنے والے سیاح سمندر کی اونچی اُٹھتی خوبصورت لہروں کو دیکھتے ہی تمام حفاظتی انتظامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر سمندر میں کود پڑتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ آج پیر کو تعلقہ کے مُرڈیشور میں پیش آیا جہاں بحر عرب کی اونچی اُٹھتی سمندری لہروں نے ایک سیاح کو اپنی آغوش میں لے لیا، جبکہ دیگر دو سیاحوں کو لائف گارڈس کے اہلکار بچانے میں کامیاب ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ کلگھٹگی سے 22 سیاحوں پر مشتمل ایک گروپ آج صبح مرڈیشور پہنچا تھا، صبح یہ لوگ سمندر کی سیر پر نکل گئے ، جس میں سے بعض لوگ سمندر میں اُترگئے۔ حالانکہ یہاں سمندر میں اُترنے سے سیاحوں کو روکے جانے کے انتظامات کئے گئے ہیں، سیاحوں کے لئے بورڈ بھی اویزاں کیا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ اُتریں، لیکن تمام حفاظتی انتظامات کو بالائے طاق رکھ کر یہ لوگ سمندر میں نہانے کے لئے اُترگئے، جس کے دوران تین لوگ سمندر کی اونچی اُٹھتی لہروں میں بری طرح جکڑ گئے، تین سیاحوں کو سمندری لہروں سے جوجتے ہوئے دیکھ کر کنارے پر موجود لائف گارڈس کے اہلکار ان کی مدد کو پہنچ گئے، جن کی کوششوں سے دو سیاحوں کو بچالیا گیا، البتہ ایک سیاح سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا۔
غرق ہوکر لاپتہ ہونے والے سیاح کی شناخت ستیش پولیگونڈا (19) کی حیثیت سے کی گئی ہے، جبکہ حسن مجگی اور سنجیو ہیبّالی کو بچالیا گیا ہے۔ غرق ہونے والے سیاح کی تلاش جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کلگھٹگی سے تعلق رکھنے والے تمام 22 لوگ تفریحی مقامات سگیندور اور کولّور ہوتے ہوئے مرڈیشور پہنچے تھے۔
